لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ کسی بھی شخص کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوتی ہے، سوشل میڈیا پر خواتین سے متعلق جعلی پوسٹیں لگائی جا رہی ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ گرفتار خواتین پرتشدد کا جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جھوٹی اور ماضی کی تصاویر ٹوئٹس کی جا رہی ہیں، تمام پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ ایسی ٹوئٹس نہ کی جائیں، عوام اپنے اداروں پر اعتماد رکھیں، جھوٹ کا سہارا کب تک لیں گے اور اپنا تھوکا کب تک چاٹتے رہیں گے، جیل کے اندر اور باہر کیمرے لگے ہوئے ہیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹرانوش چودھری نے میڈیا کو بتایا کہ کل جیل کے اندر جا کر خواتین سے ملاقات کی، جیل کے اندر خواتین والی سائیڈ پر مرد حضرات نہیں جا سکتے، خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے حوالے سے جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔