پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے 10 مئی کو جاری کیے گئے تھری ایم پی او کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام گرفتار افراد کی رہائی کا حکم دے دیا۔
گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ میں 10 مئی کو لگائے گئے تھری ایم پی او سے متعلق کیسز کی سماعت ہوئی، جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس ارشد علی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تھری ایم پی او کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے دیا ہے، مختصر فیصلے میں عدالت نے حکم دیا کہ تھری ایم پی او کے تحت تمام گرفتار افراد کو رہا کیا جائے۔
عدالت نے ایک لاکھ دو نفری ضمانتی مچلکے جمع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ملزمان اگر کسی دوسرے کیس میں مطلوب ہوں تو معمول کے مطابق کارروائی کی جائے۔