این سی اے کیس: عمران خان کی عبوری ضمانت میں 3 روز کی توسیع

Published On 31 May,2023 02:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 190 ملین پاؤنڈز سکینڈل کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی عبوری ضمانت میں 3 روز کی توسیع کر دی۔

 

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی، عمران خان کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل، لاء افسران اور نیب کی قانونی ٹیم بھی عدالت پیش ہوئی۔

دوران سماعت عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، درخواست گزار کی پیشی پر سکیورٹی مسائل بھی ہیں، کروڑوں روپے سکیورٹی کے نام پر خرچ ہوتے ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ آپ نیب کے سامنے شامل تفتیش ہوئے؟، جس پر وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ نیب کے سامنے ہم شامل تفتیش ہوچکے ہیں۔

بعدازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 3 دن میں احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا، عدالت کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت سے رجوع نہ کرنے کی صورت میں پیر کو عبوری ضمانت غیر مؤثر ہو جائے گی۔

علاوہ ازیں عمران خان کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں ضمانت کی درخواست کی سماعت بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔

عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 دن کے لیے توسیع کرتے ہوئے انہیں تھانہ مارگلہ میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی 9 مئی کے واقعات کے بعد درج مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم ایف ایٹ نہیں جا سکتے، اس کورٹ سے ضمانت لینا چاہ رہے ہیں، ہم اس کیس میں سکیورٹی خدشات کی بناء پر کچہری کے بجائے یہاں دلائل دینا چاہتے ہیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ کچہری 6 جون سے نئے کمپلیکس میں شفٹ ہو جائے گی۔

عدالت نے ہدایت کی کہ اگر ایف ایٹ کچہری نئے کمپلیکس میں شفٹ نہ ہو تو جوڈیشل کمپلیکس میں کیس سنا جائے، اگر کچہری نئے کمپلیکس میں شفٹ ہوگئی تو کیس کی سماعت وہاں ہو گی۔

عدالت کے استفسار پر اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ عمران خان کے خلاف 9 مئی کے بعد 6 مقدمات درج کیے گئے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو 6 مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں توسیع کردی۔

عدالت نے عمران خان کے خلاف 9 مئی کے بعد درج مقدمات میں 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور 10 روز میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کردی۔