اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی پولیس نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات عدالت میں جمع کروا دیں۔
شاہ محمود قریشی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی، شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے وزارت داخلہ سے کہا کہ شاہ محمود قریشی کس مقدمہ میں گرفتار ہیں، اس سے متعلق آگاہ کریں۔
اسلام آباد پولیس نے عدالت میں شاہ محمود قریشی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے خلاف اسلام آباد کی حدود میں 8 مقدمات درج ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی کو راولپنڈی انتظامیہ کے احکامات پر حراست میں لیا گیا، شاہ محمود قریشی کو 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کے خلاف کیسز کی تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے درخواست نمٹا دی۔