لاہور : (دنیانیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر کے بڑے ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی بہتری کے لیے پلان طلب کر لیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی سہولیات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہیلتھ،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات شریک تھے۔
دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتالوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی اور تعمیر ومرمت کاجامع پلان بنایا جائے گا، خدمات کی بہتری کے لئے ہسپتالوں کو پرانی عمارتوں سے نئی بلڈنگز میں منتقل کیا جائے گا، بڑے ہسپتالوں میں بائیومیڈیکل مشینیں، طبی آلات اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ پنجاب کے 7 بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں 60 بنیادی سٹینڈرڈ میڈیسنز فراہم کی جائیں گی، تمام کارڈیالوجی ہسپتالوں میں 25 ضروری میڈیسنز فراہم کی جائیں گی، اجلاس میں بڑے ہسپتالوں کے لئے ہیلتھ کونسلز کے قیام کی تجویز پر بھی اتفاق ہوا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بڑے ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی بہتری کے لئے پلان طلب کرتے ہوئے سیکرٹری صحت کوہیلتھ کیئرسروسز کی فراہمی کے لئےسات روز کے اندر پلان پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔
چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب اور متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم بھی ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔