لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی نگران حکومت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث خواتین کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 9 مئی کے واقعات میں پولیس کو مطلوب 300 خواتین میں سے کل 46 خواتین گرفتار ہوئیں جن میں سے اب تک 29 ضمانت پر رہا ہو چکی ہیں، شناخت پریڈ کیلئے جیل میں موجود خواتین کی تعداد صرف 17 ہے، قانون کے مطابق ان خواتین کی شناخت پریڈ ہونے سے پہلے ملاقات ممکن نہیں۔
عامر میر نے مزید کہا ہے کہ تمام گرفتار ملزمان کیلئے پاکستانی قوانین کا اطلاق ایک جیسا ہے، قانون کے مطابق نہ تو کسی سے زیادتی ہو گی اور نہ ہی کسی کو کوئی رعایت ملے گی، گرفتار ملزمان کی شناختی پریڈ کا طریقہ کار بھی قانون میں درج ہے، ملزم کو شناخت سے پہلے گواہ یا کسی اور کو دیکھنے کی اجازت نہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ شناخت سے پہلے ملزم کی کسی بھی شخص سے ملاقات نہیں کروائی جاتی، چہرے کو چھپانے جیسے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے میں ناکامی پراسیکیوشن کی ناکامی کا باعث بن سکتی ہے، ایک نام نہاد سیاسی جماعت پوائنٹ سکورنگ کیلئے خواتین کی تعداد کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہے۔