لاہور: (دنیانیوز) تحریک انصاف کے سابق رہنما جہانگیر ترین سیاسی محاذ پر متحرک، نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کے معاملات فائنل راؤنڈ میں داخل ہوگئے ۔
سینئر سیاستدان اور سابق رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین نےآج قریبی ساتھیوں کی لاہور میں اہم ترین مشاورت بلا لی، نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کیلئے نئے ساتھیوں کی شمولیت کے معاملات پر مشاورت ہوگی۔
جہانگیر ترین ،پنجاب، سندھ، بلوچستان اور کے پی سے نئے ساتھیوں کی شمولیت بارے اعتماد میں لیں گے، جماعت کا کب حتمی اعلان ہوگا اس تاریخ بارے بھی مشاورت ہوگی۔
جہانگیر ترین قریبی ساتھیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے جبکہ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس بھی آج جہانگیر ترین سے ملاقات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم آزادکشمیر تنویر الیاس کی جہانگیر ترین سے ملاقات ، مل کر چلنے پر اتفاق
سردار تنویر الیاس کی جانب سے جہانگیر خان ترین کے ساتھ چلنے کا اعلان بھی متوقع ہے ۔
خیال رہے کہ جہانگیر ترین ماضی میں پی ٹی آئی کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں، 2018 کے عام انتخابات کے بعد پنجاب میں حکومت سازی بھی جہانگیر ترین کی کوششوں کی وجہ سے ہی ممکن ہوئی تھی اور اُنہیں پی ٹی آئی سربراہ کا دستِ راست سمجھا جاتا تھا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی سربراہ کے وزارتِ عظمٰی کے دور میں جہانگیر خان کے خلاف چینی سکینڈل میں تحقیقات شروع کی گئی تھیں جس کے بعد سے ان کے اور سربراہ پی ٹی آئی کے ساتھ سیاسی اختلافات بڑھ گئے تھے اور ترین گروپ سامنے آیا تھا۔