اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل پر بغاوت پر اکسانے کے کیس میں فرد جرم آج بھی عائد نہ ہو سکی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شہباز گل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی، ڈیوٹی جج ارشد محمود جسرا کی عدالت میں شہباز گل کے وکیل مرتضیٰ طوری پیش ہوئے۔
شہباز گل کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
وکیل مرتضیٰ طوری نے کہا کہ شہباز گل فی الوقت امریکا میں ہیں، وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، حاضری سے استثنیٰ منظور کیا جائے جبکہ پراسیکیوشن نے شہباز گل کی آج حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت کر دی۔
یاد رہے کہ شہباز گل کو ہائی کورٹ نے 2 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، انہوں نے بیرون ملک قیام کی مدت بڑھانے کی عدالت میں درخواست دے رکھی ہے۔
جونیئر وکیل نے پراسیکیوٹر رضوان عباسی کے آنے تک سماعت میں وقفے کی استدعا کر دی، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت میں 12:30 بجے تک وقفہ کر دیا۔