اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ نجی چینل کے فحش ڈرامے کے خلاف کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ شریعت کے متصادم ہے۔
اپنے ایک بیان میں اسلم غوری نے کہا ہے کہ آرٹ کے نام پر ملکی اقدار اور تشخص کو پامال نہیں کیا جا سکتا، سپریم کورٹ کا فحاشی و عریانی کو آرٹ سے تعبیر کرنا حیران کن ہے، فحاشی و عریانی بارے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف جے یو آئی کی جانب سے نظر ثانی کی اپیل دائر کر دی ہے، نظرثانی اپیل جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے مزید کہا ہے کہ فحاشی و عریانی کی تعریف اسلام اور مشرقی اقدار کے حوالے سے بالکل واضح ہے، تعریف میں رد و بدل سے فحاشی و عریانی کا راستہ کھل جائے گا، اپیل دائر کردی ہے، آئین پاکستان اسلام کے خلاف قانون سازی کی اجازت نہیں دیتا۔