پاکستان روس کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوستانہ تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے: صادق سنجرانی

Published On 07 June,2023 03:57 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک ) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں دوستانہ تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے، پارلیمانی اور تجارتی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے مابین مزید مستحکم ہوں گے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے روسی فیڈریشن کونسل کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس فیڈریشن کونسل کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرنا میرے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے، میرا اور میرے پارلیمانی وفد کا شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرا روس کا یہ پہلا دورہ پاکستان اور روس کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی یادگاری تقریبات کا اہم حصہ ہے ، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستانہ رشتہ صدیوں پر محیط ہے، آج کی بدلتی ہوئی دنیا میں ہمارے دوطرفہ تعلقات کا روشن مستقبل دیکھ رہا ہوں، روس فیڈریشن کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں، دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات اور موثر حکمت عملی ناگزیر ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان میں پاکستان کے ایک سابق وزیر اعظم پاکستان روس فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ ہیں، پاکستان اورروس کے مابین دوستانہ تعلقات کو بحال کرنے میں آپ کا ذاتی کردار قابل تحسین ہے، پاکستان سینیٹ اور روسی فیڈریشن کونسل میں پاک روس دوستی کے پارلیمانی گروپس وجود رکھتے ہیں، پارلیمانی و تجارتی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک مزید ایک دوسرے کے قریب ہوں گے، پارلیمانی تعاون موثر سفارت کاری اور اقوام کے درمیان خوشگوار تعلقات کا ایک اہم جز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن میں موسمی تغیرات، اقتصادی صورتحال، دہشت گردی و دیگر شامل ہیں، درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے ہم سب کو یکساں پالیسی اور حکمت عملی اختیار کرنا ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ایک ایسا فورم ہے جو دنیا کے معاشی کساد بازاری، وبائی امراض، موسمیاتی تبدیلی، اسلامو فوبیا، انتہا پسندی اور بین الاقوامی دہشت گردی جیسے مسائل کے حل کے لئے اہم کردار ادا کر سکتا ہے، پارلیمان علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حل کے لئے قائدانہ کردار ادا کر سکتے ہیں، دنیا کی پارلیمانوں کے درمیان تعمیری مکالمے سے اقوام کے درمیان مفاہمت اور ہم آہنگی پیدا کی جا سکتی ہے، عالمی چیلنجز کے پیش نظر پاکستان کی پارلیمنٹ فعال کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

صادق سنجرانی کاکہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے، پاکستان اور روس کے تعلقات نہ صرف ہمارے متعلقہ قومی مفادات بلکہ علاقائی اور عالمی استحکام اور سلامتی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کے سفارتی حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان عالمی براداری پر زور دیتا ہے کہ وہ پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے مل کر کام کریں، انسانی حقوق ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے دہائیوں پرانے مسائل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونے چاہیں، بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی پامالی میں ملوث ہے، علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے مابین پارلیمانی سفارت کاری نے اعتماد اور دوستی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔

صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا، پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش ماحول فراہم کرتا ہے جو نئی منڈیوں کی تلاش کر رہے ہیں، ہم صدر ولادیمیر کی پالیسیوں کو اپنے دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے روشن اْمید سمجھتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور روس ایک مشترکہ عالمی نظریہ رکھتے ہیں، دونوں ممالک اقوام متحدہ کے بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتے ہیں، پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے مابین رابطوں اور مکالموں کو فروغ ملا ہے، دونوں ممالک کے مابین اعتماد و احترام کے احساسات کو فروغ ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی جانب سے روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمیر پوٹن کو پاکستان کا خصوصی دورہ کرنے کی دعوت دیتا ہوں، اْمید ہے کہ رشین فیڈریشن کے صدر ہماری دعوت کا احترام کریں گے اور جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔