باغ: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 15 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا، ابتدائی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے سردار ضیا القمر آگے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے مشتاق منہاس دوسرے نمبر پر ہیں۔
189 میں سے 105 پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے سردار ضیا القمر 13899 ووٹ لے کر پہلے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے مشتاق منہاس 12032 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
آزاد جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 15 باغ ٹو میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی، یہ نشست سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو نااہل کیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
حلقہ میں 18 امیدواروں نے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا، تحریک انصاف کے کرنل ضمیر، پیپلز پارٹی کے ضیا القمر اور مسلم لیگ (ن) کے مشتاق منہاس ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں، حلقہ میں ووٹرز کی کل تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 145 ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 53 ہزار 107 اور خواتین کی تعداد 48 ہزار 38 ہے۔
باغ ٹو ایل اے 15 میں گزشتہ انتخاب کے دوران پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیا القمر 14 ہزار 781 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر جبکہ مسلم لیگ (ن) کے مشتاق منہاس 11 ہزار 215 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے تھے، اس حلقے سے سردار تنویر الیاس 20 ہزار 10 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوئے تھے۔
ضمنی الیکشن کیلئے حلقے میں 189 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے، جن میں مردوں کیلئے 59 پولنگ سٹیشن، خواتین کیلئے 57 پولنگ سٹیشن جبکہ 73 مشترکہ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے۔