لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کی بحالی کے فیصلے کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی گئی۔
انٹرا کورٹ اپیل سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین نے دائر کی جس میں فواد چودھری، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر سمیت 61 مستعفی اراکین اسمبلی، سپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔
سیکرٹری قومی اسمبلی نے موقف اپنایا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر تحریک انصاف کے 123 ممبران قومی اسمبلی نے استعفے دیئے، 28 مئی کو سپیکر قومی اسمبلی نے 11 ممبران کے درست استعفے منظور کر لئے، سپیکر قومی اسمبلی نے قانون کے مطابق 17 جنوری کو باقی پی ٹی آئی ممبران کے استعفے منظور کر لئے۔
انٹرا کورٹ اپیل میں مزید موقف اپنایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے قانون کے برعکس 19 مئی کو ممبران کی بحالی کا فیصلہ دیا، عدالت انٹرا کورٹ اپیل منظور کر کے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے، اپیل کے فیصلے تک سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔