آل پاکستان یوتھ تنظیموں کا جناح ہاؤس لاہور کا دورہ، 9 مئی کے واقعات کی مذمت

Published On 11 June,2023 01:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آل پاکستان یوتھ تنظیموں نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا اور 9 مئی کے شرپسندانہ واقعات کی بھرپور مذمت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے اور افواجِ پاکستان ہماری سلامتی و بقاء کی ضامن ہیں، 9 مئی کے شرمناک واقعات کی بھرپور مذمت اور ان کے ذمے داروں کی مرمت ہونی چاہیے۔

شرکاء کے وفد کا کہنا تھا کہ ان منصوبہ سازوں، تخریب کاروں نے وہ ظلم کیا جس کا 74 سال سے پاکستان کا دشمن خواب دیکھتا رہا، 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس نے ہم سب کے سر شرمندگی سے جھکا دیئے، پاکستان کی نوجوان نسل ریاست پاکستان اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملکی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

وفد نے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تخریب کاروں اور قائد کا گھر جلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

آل پاکستان یوتھ تنظیموں نے ملک گیر ریڈ لائن پاکستان مہم کے آغاز کا اعلان بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی گرفتاری کے بعد مسلح افراد نے جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی تھی۔