کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان کراچی کے میئر بنیں گے، اہلیان کراچی کو حافظ نعیم الرحمان جیسا دلیر میئر مبارک ہو۔
کراچی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام چاہتی ہے، ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں قانون کی بالادستی اورعدل و انصاف کا بول بالا ہو، ہم صاف ستھرا اور معاشی استحکام والا پاکستان چاہتے ہیں، اب عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا، قوم بیدار ہو چکی، کراچی پاکستان کی ماں ہے، کراچی خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کراچی کے محفوظ ہونے سے مشروط ہے، 75 برس سے اس ملک میں لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے، جماعت اسلامی کے 9 لاکھ ووٹ اور پیپلز پارٹی کے 3 لاکھ ہیں، یہ 3 لاکھ والے کو جتوانا اور 9 لاکھ ووٹ لینے والے کو ہرانا چاہتے ہیں، کراچی کے مینڈیٹ کو قبول کریں، آصف زرداری تسلیم کریں کہ آپ کی جماعت کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، عوام اور جمہور کے فیصلے کو تسلیم کریں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا ہے کہ دھاندلی کے ذریعے لوگوں کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا، کراچی کو استنبول کی طرز کا ترقی یافتہ شہر بنائیں گے، کراچی کے وسائل کراچی پر ہی خرچ کریں گے، پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں، لیڈر شپ کی کمی ہے، 15 تاریخ کا سورج خوشیوں کے ساتھ طلوع ہوگا، ہم جمہوری لوگ ہیں، آئین پر یقین رکھتے ہیں، اپنے حق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔