تھرپارکر: (دنیا نیوز) سمندری طوفان بپرجوائے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے ڈیپلو کے تین دیہاتوں کے مکینوں کو نقل مکانی کا مشورہ دے دیا گیا۔
تھرپارکر انتظامیہ نے لیاری، سدوک اور ڈابھارو کے رہائشیوں کو نقل مکانی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے کی وجہ سے رن آف کچھ کے علاقوں کو خطرہ ہو سکتا ہے، تینوں دیہات جھیل شکور سے قریب ہیں اور ساحلی پٹی سے منسلک ہیں، ممکنہ طور پر سمندری طوفان کے باعث موسلادھار بارشوں، آسمانی بجلی گرنے اور تیز ہواؤں کی وجہ سے یہ علاقے متاثر ہونے کے خدشات موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سمندری طوفان بائپر جوائے کی شدت میں مزید اضافہ ، کراچی سے 760 کلو میٹر دور
مذکورہ علاقوں کی عوام کو ضلعی انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نقل مکانی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہاں کے لوگ جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔