لاہور: (دنیا نیوز) سابق گورنر پنجاب و چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ق) چودھری محمد سرور کا کہنا ہے ہمارا پاکستان میں سب سے بڑا ایشو عدل و انصاف ہے۔
مسلم لیگ ق میں سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، مسیحی برادری کے سرکردہ رہنماؤں سمیت درجنوں نمائندے ق لیگ میں شامل ہو گئے، چودھری سرور اور چودھری شافع حسین نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں چیف آرگنائزر مسلم لیگ ق چودھری سرور نے کہا کہ نوجوان ہمارے ساتھ شامل ہو رہے ہیں، ہماری حکومتیں اقلیتوں کو وہ حقوق نہیں دے سکیں جو ان کا آئینی حق ہے، قبضہ مافیا نے جو قبضے کر رکھے ہیں ان کو واگزار کرانے کی ضرورت ہے۔
چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ سننے میں آ رہا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی کو جیل میں سہولیات فراہم کی گئی ہیں، ہم تو امید کرتے ہیں کہ وہ جلد کلیئر ہو کر باہر آ جائیں، انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو حق ہے کہ وہ الیکشن لڑے اور رابطے کرے۔
مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا میدان ایک پارٹی نے خود استعفے دے کر خالی چھوڑا، جو لوگ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں ان کو ضرور سزا ملنی چاہیے۔