کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نو منتخب مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اب بلیم گیم اور تفریق کی سیاست نہیں ہوگی، اہلیان کراچی کی توقعات پر پورا اتروں گا۔
دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مسائل حل کرنے کیلئے وفاق، صوبائی حکومت سے مدد لیں گے، شہر کے حالات بہتر کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کی بڑی کامیابی، مرتضیٰ وہاب میئر اور سلمان عبداللہ ڈپٹی میئر کراچی منتخب
انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی شہر میں نئی بسیں لانے کا وعدہ پورا کیا، ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتربنا رہے ہیں، اورنج لائن ہم نے چلا دی، باقی منصوبوں پر کام جاری ہے، پانی کراچی شہر کا بنیادی مسئلہ ہے، کے فور منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی کو پاؤں پر کھڑا کریں گے، کے ایم سی کے نظام میں شفافیت لائیں گے، ہمارا بنیادی مقصد کراچی کے مسائل کو حل کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کا پرابلم ضرور ہے، یقین دہانی کرواتا ہوں جہاں کرپشن ہوگی وہاں کارروائی کی جائے گی، شہر کے حالات بہتر کرنے کیلئے کوئی باہر سے نہیں آئے گا۔