مسلم لیگ ( ن ) کے انٹرا پارٹی انتخابات آج ہوں گے

Published On 16 June,2023 01:01 am

اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد آج ہوگا۔

ن لیگ کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس آج ڈھائی بجے ن لیگ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہوگا جس میں پارٹی کے صدر سمیت مرکزی عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایاجائے گا۔

اجلاس میں صوبہ پنجاب، بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا کے اراکین شریک ہوں گے جبکہ گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور اسلام آباد کے مرکزی کونسل کے اراکین بھی شرکت کرینگے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز (ن) لیگ کے مرکزی جنرل کونسل اجلاس میں شرکت کریں گی، جنرل کونسل اجلاس میں پارٹی آئین میں بھی ترامیم لانے کا امکان ہے، سوشل میڈیا ونگ کو پارٹی آئین میں شامل کرکے باقاعدہ ونگ کا درجہ دیا جائے گا۔

چیف آرگنائزر مریم نواز نے ایم ایس ایف کی بحالی کا ٹاسک بھی سیکرٹری جنرل کو سونپا تھا، اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال ایم ایس ایف کی بحالی کے حوالے سے فریم ورک پیش کریں گے۔