نومنتخب میئر کراچی کا رات گئے مختلف علاقوں کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

Published On 16 June,2023 08:46 am

کراچی: (دنیا نیوز) نومنتخب میئر کراچی نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور برساتی نالوں کی صفائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے نومنتخب میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رات دیر گئے ضلع شرقی اور اولڈ سٹی ایریا میں گارڈن نالے کا دورہ کر کے برساتی نالوں کی صفائی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

نومنتخب میئر کراچی نے جوہر چورنگی انڈر پاس پرجاری کام کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انڈر پاس کی تکمیل سے گلستان جوہر اور اطراف کے عوام کو ریلیف ملے گا، تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات جماعت اسلامی کو بھی سمجھنی چاہیے کہ ہمیں کراچی کیلئے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، کراچی کے 25 ٹاؤنز میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی تینوں نے ٹاؤنز جیتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے میئر کے انتخاب کیلئے ہونے والی ووٹنگ میں پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہو گئے تھے۔