لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ 9 مئی کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا لیکن سیاسی جماعت سے وابستہ شرپسندوں کے اعترافات جاری ہیں۔
زمان پارک میں ہوئی سازش کو سیاسی جماعت کے اپنے کارکنان نے بے نقاب کر دیا۔
لاہور کے جناح ہاؤس شرانگیزی کی منصوبہ بندی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گرفتاری سے ایک دن پہلے ہو چکی تھی۔
پی ٹی آئی کارکن کا کہنا ہے کہ یاسمین راشد اور اعجاز چودھری نے کارکنان کو جناح ہاؤس جانے کی ہدایت دی، چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے ایک دن پہلے میٹنگ بلا کر انتشار کا مکمل منصوبہ تیار کر لیا تھا۔
کارکن نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے پہلے ہی جناح ہاؤس پر حملے کا منصوبہ بنا لیا تھا، شرانگیزی کے بعد انہوں نے خود کو بچانے کیلئے ایجنسیوں پر الزام تراشی کی، وزارت عظمیٰ چھنتے ہی چیئرمین پی ٹی آئی نے افواج پاکستان کے خلاف زہر اُگلنا شروع کر دیا تھا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ کے وقت پی ٹی آئی کے حسان نیازی بھی موجود تھے، انہوں نے کور کمانڈر کے یونیفارم کی بے حرمتی کی۔