بنوں: ( دنیا نیوز ) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، چھتیں اور دیواریں گرنے کے باعث مختلف حادثات میں بچے سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور مانسہرہ میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، تیز بارش اور طوفان کے باعث 16 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ضلع بنوں کے مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے جبکہ لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ میں ایک بچہ جاں بحق ہو گیا اور سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔
جاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔