لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی رہنماؤں نعمان لنگڑیال اور عون چودھری کو وفاقی کابینہ سے مستعفی ہونے کی ہدایت کر دی۔
عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کا پی ڈی ایم حکومت سے کوئی تعلق نہیں، نعمان لنگڑیال اور عون چودھری ذاتی حیثیت میں وفاقی کابینہ کے ممبر تھے، استحکام پاکستان پارٹی اپنی آزاد حیثیت کے ساتھ انتخابات میں اترے گی۔
قبل ازیں صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے پیر سعید الحسن شاہ اور شیخ یعقوب نے ملاقات کی، اس دوران ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت مہنگائی سے پسے عوام کو ریلیف دینے کیلئے مزید اقدامات کرے، آئی پی پی عوام کے حقوق کی حقیقی جدوجہد کرے گی۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا ہے کہ پارٹی کی صوبائی، ضلعی اور تحصیل سطح تک تنظیم سازی جلد مکمل کر لی جائے گی، 9 مئی واقعات کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانا ملکی سلامتی کا تقاضا ہے۔