شرقپور شریف: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کی ٹیم ایسی پالیسیاں بنا رہے ہیں کہ دوبارہ کبھی آئی ایم ایف کا سہارا نہ لینا پڑے۔
شرقپور شریف میں پاسپورٹ آفس کا افتتاح کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت مسلم لیگ (ن) کا وطیرہ ہے، شیخوپورہ کی پانچوں تحصیلوں میں پاسپورٹ آفس قائم کر دئیے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں نے ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانے پر مجبور کیا۔
وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے مزید کہا ہے کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور مسلم لیگ (ن) کسی سے اتحاد کیے بغیر ہی الیکشن لڑے گی، یونان میں کشتی حادثے پر ہر آنکھ افسردہ ہے اور سخت نوٹس لے رہے ہیں، انسانی سمگلروں کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں تاکہ دوبارہ ایسا سانحہ نہ ہو۔