لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرح سود بڑھانے کی شرط پوری کر دی ہے، امید ہے قوم کو اچھی خبر ملے گی، اگلے ایک دو دن اہم ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ مراعات بل قومی اسمبلی سے پاس نہیں ہونے دیں گے، ہماری پارٹی کا اصولی فیصلہ ہے چیئرمین سینیٹ کی مراعات کے بل کو سپورٹ نہیں کریں گے، چیئرمین سینیٹ کی مراعات کے بل کو منی بل کا حصہ نہیں بنایا، دفاعی اخراجات کم کرنے کی گنجائش نہیں، سول سروسز کے اخراجات میں کچھ کمی کی گنجائش ہے۔
انہوں نے کہا حکومت نے کفایت شعاری کے اقدامات کیے ہیں، این ایف سی کے شیئر نے بھی وفاقی حکومت کو مشکل میں ڈال دیا ہے، سب کو پتا ہے گزشتہ ایک سال سے مشکل حالات ہیں، جوڈیشری سے کوئی گلا نہیں، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سمیت تمام ججز کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کی سمری بھیجی ہوئی ہے، وزیر اعظم اپنی ایڈوائس صدر مملکت کو بھیجیں گے اور نوٹس ہو جائے گا۔