سیالکوٹ: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ میانوالی ائیر بیس پر حملہ کرنے والوں میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں اور بھانجا شامل تھا وہ مسترد کر رہا کہ ان کے رشتہ دار اور ورکر نہیں تھے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نشان حیدر حاصل کرنے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، قوموں کیلئے تاریخ سے وابستہ ہونا ضروری ہے، وطن کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے، جو قومیں اپنے محسنوں کو فراموش کر دیتی ہیں اس قوم کا زندہ رہنے کا جواز ختم ہو جاتا ہے، اپنے محسنوں کو یاد رکھنا قوم پر قرض ہے۔
وزیر دفاع نے کہا ہے کہ وال آف یادگار شہدا ملک کی خاطر جان قربان کرنے والوں کی تاریخ کو تازہ کرے گی، آج بھی دہشت گردی کی جنگ جاری ہے، کل پاک افغان سرحد پر بڑی جھڑپ ہوئی، پاک فوج نے دہشت گردی کا بہت بڑا حملہ پسپا کیا ہے، پوری قوم نے فوج کی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو دیکھا ہے، اگر یہ باتیں تیس چالیس سال پہلے ہوتیں تو شکوک و شہبات ہو سکتے تھے اب تو کیمرہ تصویریں وائرل کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کر رہے ہیں، یہ بدیانت شخص ہے، اس کی بہنیں اور بھانجا کیا کور کمانڈر ہاؤس آئس کریم کھانے گئے تھے، جو لوگ غائب ہیں اگر ان کا واقع سے کوئی تعلق نہیں تو وہ کیوں روپوش ہیں، یہ شخص ہر روز نئی کہانی گھڑتا ہے، لوگوں کو اس نے گمراہ کیا ہے لیکن لوگ اب اس کے اندر کے شیطان کو پہچان رہے ہیں، وطن کی سالمیت قربانی مانگتی ہے۔