ملک میں امن و امان کا قیام برقرار رکھنے میں فورسز کا کردار قابل فخر ہے: شیری رحمان

Published On 03 July,2023 05:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان کی جانب سے کیچ اور شیرانی میں دہشتگردوں کے حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ‏بلوچستان میں ایف سی کے قافلے پر بم دھماکے اور ضلع شیرانی میں چیک پوسٹ پر حملے پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے، میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی سمیت تمام شہداء کے بہادر خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشتگردوں کے ان بزدلانہ حملوں کا مقصد بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا حملوں سے ہماری بہادر فورسز کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، پورے ملک بالخصوص بلوچستان میں امن و امان کو قائم رکھنے میں سکیورٹی فورسز کا کردار قابل فخر ہے، ہم اپنی جرأت مند فورسز کی قربانیوں اور ملک کی حفاظت کے عزم کا احترام کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم بھرپور قوت کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔