کراچی: (دنیا نیوز) ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات کے حوالے سے سیاسی حکمت عملی اور دیگر معاملات پر غور کیا گیا۔
ترجمان ایم کیو ایم نے بتایا ہے کہ اجلاس میں ووٹر لسٹوں کی خرابیوں کی نشاندہی اور درستگی کی حکمت عملی پر گفتگو ہوئی، اس کے علاوہ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، شرکاء نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کی شدید مذمت کی اور واقعے کے خلاف جمعہ کو ہونے والے ملک گیر احتجاج کی کال کی حمایت کر دی۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کراچی سے کشمور تک سندھ کی بدحالی پیپلز پارٹی کی گزشتہ 15 سال کی ناکامی کامنہ بولتا ثبوت ہے، پیپلز پارٹی شہری سندھ کے عوام کی نسل کشی کر رہی ہے، نام نہاد مئیر کراچی دوسال اسی شہر کے ایڈمنسٹریٹر رہ چکے ہیں ان کی گزشتہ کارکردگی کی وجہ سے کراچی والوں کو ان سے بہتری کی کوئی امید نہیں ہے۔