قرآن مجید کی بے حرمتی: گورنر سندھ نے سویڈن کے سفیر کو مذمتی خط لکھ دیا

Published On 03 July,2023 06:09 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے قرآن پاک کے بے حرمتی کے واقعے کیخلاف پاکستان میں موجود سویڈن کے سفیر کو مذمتی خط لکھ دیا۔

اپنے ایک بیان میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی پر سخت مذمت کا اظہار کرتا ہوں، میں نے پاکستان میں سویڈش سفیر کو مذمتی خط لکھا ہے، سویڈن میں ہونے والے دلخراش واقعے پر کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی، امید کرتے ہیں سویڈش حکومت ایسے واقعات کے خلاف سخت ایکشن لے گی۔

یہ بھی پڑھیں: قرآن پاک کی بے حرمتی کا سویڈن حکومت بھرپور نوٹس لے: وزیر اعظم شہباز شریف

انہوں نے کہا ہے کہ ہر مذہب سے تعلق رکھنے والوں سے سوال ہے کیا انہیں یہاں کوئی پریشانی ہے، یہ بتائیں گے کہ انہیں ہر قسم کی آزادی ہے، سویڈن واقعے میں خاموش رہنا اور مجرم کو سزا نہ دینا نا انصافی ہے، ایک خط وزارت خارجہ کے ذریعے او آئی سی بھجواؤں گا، انہیں معافی مانگنی چاہیے ورنہ دنیا میں احتجاج کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔