اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکا کے پاکستان میں سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ معیشت، سرمایہ کاری، تجارت میں اضافہ کا خواہاں ہے۔
امریکا کے 247 ویں یوم آزادی کے موقع پر امریکی سفارتخانہ کی جانب سے شاندار تقریب کا اہتمام کیا جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
امریکی جشن آزادی کی تقریب میں امریکا پاکستان گرین الائنس فریم ورک کی کامیابیاں اجاگر کی گئی، اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ گرین الائنس کے تحت پاکستان کے ساتھ مشترکہ موسمی اور ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے پر کام کر رہے ہیں۔
— U.S. Embassy Islamabad (@usembislamabad) July 6, 2023
انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان سبز اتحاد لائحہ عمل زراعت، شفاف توانائی اور پانی کے انتظام و انصرام کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہا ہے، گرین الائنس موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی استعداد کار میں اضافہ اور شمولیت پر مبنی معاشی ترقی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ معیشت، سرمایہ کاری اور تجارت میں اضافہ کا خواہاں ہے، گزشتہ سال پاک امریکا تعلقات کی وسعت کا پیش خیمہ ثابت ہوا ہے۔
امریکی سفیر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ شراکت کو مزید وسعت دینے کے لیے پُر امید ہے۔
— U.S. Embassy Islamabad (@usembislamabad) July 6, 2023
شہباز شریف کا خطاب
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، ہم امریکہ کے ساتھ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ اور اس کے عوام کو قومی دن کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، امریکہ مساوات اور انصاف کے اصولوں پر قائم ہے، پاک امریکہ 75 سالہ دوستانہ تعلقات میں نشیب و فراز رہے ہیں لیکن اب امریکہ کے ساتھ ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان اور امریکہ نے مل کر کام کیا، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 80 ہزار پاکستانیوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی، بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا لیکن اس کے باوجود دہشت گردی کیخلاف ہمارا عزم موجود ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ کے ساتھ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں، پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے،ان کی صلاحیتوں سے انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے تباہ کن سیلاب آیا جس سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے، اس مشکل وقت پر امریکہ نے ہماری بڑی مدد کی، حالیہ ماضی میں غلط فہمیوں کے باعث پاک امریکہ تعلقات متاثر ہوئے لیکن موجودہ حکومت کی سنجیدہ کوششوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بحال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے اور ان تعلقات کو بلندیوں تک لے جائیں گے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ کا اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔