اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرائض میں غفلت اور لا پرواہی برتنے پر اسلام آباد کے 3 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا گیا۔
آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں فرائض میں غفلت کے مرتکب پائے جانے پر تھانہ نیلور، مارگلہ اور شمس کالونی کے ایس ایچ اوز کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا، تینوں کو ناقص کارکردگی اور عوامی شکایات پر معطل کیا گیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے معطل ایس ایچ اوز کیخلاف محکمانہ انکوائری کے احکامات جاری کرتے ہوئے سینئر افسران کو تفتیش کی نگرانی کرنے کی ہدایت کر دی، تفتیش کے تمام امور ڈی پی او کی نگرانی اور تصدیقی ضمنی تحریر کے تحت انجام پائیں گے، مقدمات کی پیروی اور سزا کو موثر بنانے کیلئے ڈی پی اوز کے ساتھ لاء افسر بھی تعینات کر دئیے۔
آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر نے ایس ڈی پی اوز کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے علاقے میں جرائم کی بیخ کنی کیلئے کردار ادا کریں، اشتہاریوں، سابقہ ریکارڈ یافتہ اور مالیاتی جرائم میں ملوث مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، افسران سزاؤں اور پراپیگنڈوں سے پریشان نہ ہوں اور اپنا کام دلجمعی سے کریں۔