یونان کشتی حادثہ کیس میں ملوث گروہ کے 6 کارندے گرفتار

Published On 07 July,2023 07:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) یونان کشتی حادثہ کیس کے سلسلہ میں ڈائریکٹر فیڈرل انویسٹی گیشن (ایف آئی اے) لاہور زون سرفراز خان ورک کی ہدایت پر انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے مختلف کارروائیوں میں یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ گروہ کے 6 کارندوں کو گرفتار کر لیا، انسانی سمگلروں کو کھاریاں، ملکوال، جہلم، لاہور اور گجرات سے گرفتار کیا گیا۔

انسانی سمگلروں نے مختلف شہریوں کو بیرون ملک یورپ کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورے، ملزموں نے متعدد شہریوں سے فی کس 25 سے 27 لاکھ روپے وصول کئے۔

یہ بھی پڑھیں: انٹرپول کی کارروائی ، پنجاب پولیس کو مطلوب 6 ملزم گرفتار

گرفتار ملزمان میں اسلم دریکاں، حسنین شاہ، صفدر بہگت، ارشد گجر، محمد اشرف اور ممتاز حسین شامل ہیں، ملزمان سمگلنگ کے بڑے گروہ کے طور پر کام کر رہے تھے، گرفتار ملزمان کے خلاف متعدد مقدمات درج تھے، ملزمان کے انٹرنیشنل سمگلنگ کے گروہ سے بھی رابطے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسانی سمگلر اسلم دریکاں والا نے ماضی میں بھی بیشتر شہریوں کو غیر قانونی راستے سے بیرون ملک بھجوایا، انسانی سمگلر لیبیا سے یورپ بذریعہ کشتی بھجوانے میں ملوث تھے، ملزمان کے خلاف کارروائی متاثرین کے لواحقین کی نشاندہی پر کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور : پولیس نے منشیات لے کر جانیوالا ڈرون پکڑ لیا ، 6 کلومنشیات برآمد

یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق مسعود کی زیر نگرانی ٹیمیں مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھے ہیں، چھاپہ مار ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کے لئے لواحقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہیں، فون ریکارڈ کی مدد سے ایجنٹ مافیا کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔