شاہ محمود ، اسد عمر جے آئی ٹی میں پیش، 9 مئی واقعات سے لاتعلقی کا اظہار

Published On 08 July,2023 11:01 am

لاہور : (دنیا نیوز) 9 مئی واقعات کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے جے آئی ٹی میں پیش ہو کر بیانات قلمبند کرا دیئے، دونوں رہنماؤں نے 9 مئی واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کا وائس چیئرمین ہوں اور دو بار وزیر خارجہ رہ چکا ہوں ، ہمیشہ پاکستان کے اداروں کا احترام کیا ہے، قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں ، 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری پر کراچی سے اسلام آباد پہنچا۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے بیان میں مزید کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات قابل مذمت ہیں ، لاہور میں ہونے والے واقعات سے لاعلم ہوں اور لاتعلقی کا اظہار کرتا ہوں، دس مئی کو گلگت بلتستان ہاوس میں موجود تھا کہ پولیس نے گرفتار کر لیا ، ماضی بے داغ ہے، نو مئی کی کسی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوں ۔

اسد عمر کی جانب سے  جے آئی ٹی کو دیے گئے بیان کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں ، اسد عمر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 9 مئی کو بذریعہ فلائٹ کراچی سے اسلام آباد پہنچا ، 10مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ۔ 

انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات کی کئی بار مذمت کر چکا ہوں اور واقعات سے لاتعلقی کا اظہار بھی کر رکھا ہے ، عسکری ٹاور جلانے سے میرا کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے ، بے گناہ ہوں، اس مقدمے میں بے گناہ قرار دیا جائے۔

یاد رہے کہ انسداد دہشتگری عدالت نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی عبوری ضمانت میں 21 جولائی تک توسیع کر رکھی ہے۔