لاہور : ( دنیا نیوز ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں نگران صوبائی کابینہ نے ملاقات کی ہے جس کے دوران متعدد اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ہوم اکنامکس کالج بہاولپور کو فوری مکمل کر کے چلانے اور بہاولپور انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو پنجاب حکومت کی طرف سے زمین دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سکولوں سے باہر بچوں کو انرول کیا جائے اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن P.E.F کو دوبارہ بہتر انداز میں چلایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب جیسے بڑے صوبے کو مختصر کابینہ سے احسن طریقے سے چلانا قابل تحسین ہے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے خصوصی کاوشیں قابل تعریف ہیں، بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے یہ عمل رکنا نہیں چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال بہتر کرنے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ دینے سے مثبت نتائج آ رہے ہیں، یہ خوش آئند بات ہے کہ اس حوالے سے صوبائی حکومتیں اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہے کہ مختصر مدت میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے سکیں۔