لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے خدیجہ شاہ سمیت دیگر کی حراست غیر قانونی قرار دینے کیلئے دائر درخواستیں خارج کر دیں۔
جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس امجد رفیق پر مشتمل 2 بینچ نے درخواستوں پر 26 صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا، بینچ نے خدیجہ شاہ، ہما سعید، رضوان ضیا اور زبیر ملک کی حراست کے خلاف درخواستیں خارج کیں۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کے خلاف مقدمہ ہوچکا ہے، قانون اپنا راستہ بنا رہا ہے، اس مرحلے پر درخواست گزاروں کی حراست کو غیر قانونی قرار نہیں دیا جا سکتا، قانونی طریقہ کار کو بائی پاس نہیں کیا جاسکتا۔
لاہور ہائیکورٹ کے مطابق نو مئی کے واقعات میں جو بھی ملوث پایا گیا اس کی قانون کے مطابق شناخت کی گئی، بد قسمت واقعات نے ایک چارج ہجوم کی عدم برداشت اور خطرناک جنونی کیفیت کو عیاں کیا، 9 مئی کے واقعات نے سول عدالتی نظام کو بھی چیلنج کیا، اس واقعے سے پہلے عوام نے جناح ہاؤس میں ایسی توڑ پھوڑ نہیں دیکھی تھی۔
اعلیٰ عدالت نے کہا کہ لوگوں کا غصہ سول اور فوجی قیادت پر تھا لیکن جو اس دن ہوا وہ ناقابل وضاحت تھا، بہرحال ریاست نے اپنے آپ کو بچانا تھا، بلاشبہ ملزمان کے قانونی حقوق ہیں جن کا عدالتیں تحفظ کرتی ہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزاروں کیلئے اس وقت بہترین حکمت عملی نارمل طریقے سے قانون کے طریقہ کار پر چلنے کی ہے، سارے طریقہ کار کو بائی پاس کرنے سے درخواست گزاروں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔