مسلمانوں کو متحد ہوکر اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنا ہوگا: طاہر اشرفی

Published On 14 July,2023 07:59 pm

لاہور : (دنیا نیوز) پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ مسلمان اپنےکرداراورعمل سےمتحد ہوکراسلاموفوبیا کا مقابلہ کریں ۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہراشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور بھارت انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کررہے ہیں، اسرائیل کا پاکستان کےخلاف پروپیگنڈہ قابل قبول نہیں، اس وقت اسرائیل دنیا بھر میں سب سے بڑا سفاک ملک بن چکا ہے۔

علما کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل ہو یا بھارت کسی کو بھی ہماری داخلی حدود میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جاسکتی، علما کرام کی ریڈلائن دین، حضورﷺکی ناموس، وطن اور پاک فوج ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سویڈن واقعہ ناقابل برداشت، آئندہ ایسی حرکت پرکوئی ہم سے گلہ نہ کرے، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ سننے میں آیا ہے کہ سویڈن میں مقدس کتابوں کو جلانے کی باقاعدہ قانونی اجازت طلب کی جارہی ہے، مسلمان اپنےکرداراورعمل سےمتحد ہوکراسلاموفوبیا کا مقابلہ کریں۔

علامہ طاہراشرفی نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے علما کونسل کا متفقہ ضابطہ اخلاق تمام مکاتب فکر سے مشاورت کے بعد جاری کیا جائے گا، امید ہے کہ تمام مکاتب فکر کےعلما، مشائخ اور ذاکرین اس پرمکمل عمل درآمد کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف پاکستان کی قرارداد منظور

انہوں نے کہا کہ فرقہ ورانہ تصادم اور طاقت کے زور پر دوسروں پر دباؤ ڈالنا صریحاً شریعت کے خلاف ہے، تمام مکاتب فکر کے علما کرام شرپسندی اور انتہا پسندانہ سوچ کی مذمت کرتے ہیں۔

علامہ طاہراشرفی کا کہنا تھا کہ اپنے نظریات کو جبری مسلط کرنا شریعت کے مطابق حرام ہے، مسلح طاقت کا استعمال کرنا قرآن وسنت کے مطابق درست نہیں، کسی کو کافر قراردینا قرآن وسنت کی تعلیمات کی روشنی میں صرف ریاست کا اختیار ہے۔