اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اعظم خان نے سائفر کےجھوٹے ڈرامے کا پول کھول دیا، 9 مئی کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مختلف علاقوں میں دہشتگردی کے واقعات میں امن کے قیام کیلئے ہمارے نوجوانو ں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ملک دشمن عناصرآج بھی امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ ہمارے محافظوں نے ہمیشہ جان پر کھیل کر ہمارے لئے قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے ان کے گھروں کی تعمیر کے وعدے پر عملدرآمد شروع کر دیاہے ، پانچ ہزار بے گھر خواتین کو مالکانہ حقوق دیئے ، 50 ہزار گھروں کیلئے فنڈز جاری ہو چکے ہیں، سندھ حکومت نے 20لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ کیا ہے۔ ماضی میں ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کے اعلانات کئے گئے تاہم عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ سندھ حکومت نے دیگر صوبوں کے مقابلے میں اپنے حقوق کیلئے وفاق سے بہتر جنگ لڑی۔
انہوں نے دعوی کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آنے والی ہے، دیگر صوبوں میں جب پیپلز پارٹی کی حکومت آئے گی تو سیلاب متاثرین کو سندھ کے ماڈل پر گھر بنا کر دیں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا واضح موقف ہے کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرکے بروقت تحلیل ہوں اور وقت پر انتخابات ہوں تا کہ نئی حکومت ملک کی کمان سنبھال کر آگے بڑھے، مردم شماری پر اعتراضات ہر جگہ ہیں،بہتر ہوگا کہ گزشتہ مردم شماری پر ہی عام انتخابات کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کا سائفر کے ڈھونگ کا بھانڈا پرنسپل سیکرٹری نے پھوڑ دیا، اس کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی کا موقف پاکستان میں کچھ اور امریکہ میں کچھ تھا، 9 مئی کے واقعہ میں ملوث جو بھی ہوں انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہئے۔
فیصل کریم کاکہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 70 فیصد حاضری کے حامل بچوں کو بے نظیر تعلیمی وظائف دیں گے ، چار اضلاع میں اکاؤنٹس کھلنا شروع ہو گئے ہیں، جلد ملک کے دیگر علاقوں میں بھی یہ سہولت دی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اکتوبر میں انتخابات کے حق میں ہیں تاکہ سیاسی غیر یقینی کی صورتحال ختم ہو، وزیراعظم نے نگران سیٹ اپ پر مشاورت کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔