حکومت کا شہر میں ماس ٹرانزٹ منصوبہ بنانے کیلئے ٹریفک سٹڈی کروانے کا فیصلہ

Published On 24 July,2023 11:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے شہر میں ماس ٹرانزٹ منصوبہ بنانے کے لیے ٹریفک سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اورنج ٹرین اور میٹرو بس کو دیگر ٹرانسپورٹ کیساتھ منسلک کرنے کے لیے ٹریفک سٹڈی کرائی جائے گی، مشرق، مغرب، شمال اور جنوب لاہور کے لیے ایکسپریس وے بنائے جائیں گے، ہر زون کے لیے علیحدہ پبلک ٹرانسپورٹ کوریڈور فراہم کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے مشرق تا مغرب حصے کو مسافروں کیلئے اورنج ٹرین کی سہولت موجود ہے، لاہور کے شمال سے جنوب تک میٹرو بس سے شہری روزانہ سفر کرتے ہیں، شاہدرہ سے رائیونڈ تک ریلوے ٹریک کیساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کا روٹ بنے گا، سٹرکچر پلان کا روٹ ترتیب دے کر پبلک ٹرانسپورٹ چلائی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سینٹرل لاہور سے مغربی حصے تک ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بنے گا، چاروں سسٹمز کو آپس میں سپیڈو بس و پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے منسلک کیا جائے گا، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے سٹڈی کیلئے فرموں سے اظہار دلچسپی کے لیٹر طلب کر لیے ہیں۔