لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم کی آفر ملنے کے سوال پر صحافی کو جواب دیتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا کہ میں پنجاب میں ہی بہتر ہوں۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے نواز شریف انٹرچینج بیدیاں روڈ کا دورہ کیا اور زیر تعمیر انڈر پاس کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے پر بریفنگ دی، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا کہ نواز شریف انٹرچینج کی تعمیر 16 اکتوبر تک مکمل ہو جائے گی، "محسن نقوی سپید" قرار دینا وزیر اعظم کا اعلیٰ ظرف اور بڑا پن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال
اس دوران ایک صحافی نے نگران وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ محسن نقوی سپید وفاق میں بھی نظر آئے گی؟، کیا آپ کو نگران وزیر اعظم بنانے کی آفر ہوئی ہے؟ جس پر محسن رضا نقوی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں یہیں ٹھیک ہوں اور پنجاب میں ہی ڈیلیور کروں گا۔
محسن رضا نقوی نے مزید کہا کہ بھارت کے ڈیمز بھر گئے ہیں، انہوں نے اپنے مفاد کی خاطر کام کرنا ہے، ہم نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے تیاری کرنی ہے، ممکنہ سیلاب کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کر کے ڈی سی لاہور و دیگر اضلاع میں انتظامیہ کی ڈیوٹی لگا دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کابینہ کا اجلاس: سیلاب کے پیش نظر متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کوشش ہے آبادیوں اور مویشیوں کو سیلاب سے بچایا جائے، ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے پنجاب کابینہ نے ریسکیو کو دو ہیلی کاپٹر دینے کی منظوری دی ہے، پوری کوشش ہو گی کہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر بروقت منتقل کیا جائے۔
پنجاب میں سرکاری افسران کو گاڑیاں دینے کے سوال پر محسن رضا نقوی کا کہنا تھا کہ گاڑیاں نہ دیں تو افسران کام کیسے کریں گے، ہمارے پاس گاڑیوں کی فراہمی و مرمت کیلئے بجٹ ہوتا ہے، پنجاب حکومت کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، گراں فروشی و ذخیرہ اندوزی پر کسی کو نہیں چھوڑیں گے، چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔