لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے اختتام تک سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم جاری کر دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سول سیکرٹریٹ میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے قائم محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور صوبہ بھر میں محرم کے جلوسوں اور مجالس کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے سکیورٹی انتظامات پر وزیر اعلیٰ کو بریفنگ بھی دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مرکزی کنٹرول روم کو ڈویژنل اورڈسٹرکٹ کنٹرول روم کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر پابندی ہے، صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے جا رہے ہیں، پنجاب بھر میں عشرہ محرم کے دوران 37 ہزار مجالس کی سکیورٹی کیلئے ایک لاکھ سے زائد پولیس جوان تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 70 ہزار رضا کار بھی سکیورٹی پر مامور ہیں۔
محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کے اختتام پذیر ہونے تک سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، سکیورٹی انتظامات میں معاونت کیلئے پاک فوج کو بھی طلب کیا گیا ہے، پنجاب بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کی جیوٹیگنگ کی گئی ہے، صوبے میں 502 مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے، امن و امان کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے صوبائی وزراء کو بھی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، نگران وزیر اعلیٰ کے ساتھ چیف سیکرٹری پنچاب زاہد اختر زمان، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔