خیبر: (دنیا نیوز) ضلع خیبر کے علاقہ جمرود میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی علی مسجد میں خود کش دھماکا ہوا، دھماکے کے وقت موقع پر موجود ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شدید زخمی ہو گئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئے۔
پولیس نے بھی ایڈیشنل ایس ایچ او کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
دوسری طرف سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، یاد رہے کہ 20 جولائی کو بم دھماکا ہوا تھا جس میں 4 پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ مشکوک شخص نے خالی مسجد میں گھسنے کی کوشش کی، ایڈیشنل ایس ایچ او کے روکنے پر اس نے اپنے آپ کو اڑایا۔ڈی پی او خیبر کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت معلوم کر رہے ہیں، جائے وقوعہ دور ہے اس لیے مشکلات کا سامنا ہے۔
بڑی تباہی ٹل گئی
ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں علی مسجد کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے الرٹ جاری ہونے کے بعد ضلع خیبر کی پولیس کو زیر تعمیر مسجد میں دو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع دی گئی۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسجد میں موجود دہشت گردوں کو پکڑنے کی کوشس کی، اسی دوران ایک دہشت گرد نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ ممکنہ طور پر ایک خودکش حملہ آور فرار ہو گیا جسے سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے بعد گرفتار کر لیا۔
وطن عزیز کی حفاظت ک لیے سکیورٹی ادارے چوکس ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کی وجہ سے علاقہ بہت بڑے نقصان سے بچ گیا۔