اسلام آباد: (دنیانیوز) افواج پاکستان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں عدم حاضری کی بنیاد پر شہباز گل کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شہباز گل کے خلاف افواج پاکستان کے خلاف بغاوت پر اُکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے مسلسل عدم حاضری پر شہباز گل کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
ایف آئی اے اور نادرا کی جانب سے شہباز گل کی پراپرٹی کی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئیں ، دوران سماعت عدالت نے شہباز گل کی جانب سے دائر دونوں درخواستیں مسترد کردیں۔
شہباز گل کی جانب سے کیس کی کارروائی روکنے اور بذریعہ ویڈیو لنک حاضری لگانے کی درخواست کی گئی تھی ، شہباز گل نے بیماری کی وجہ سے ویڈیو لنک حاضری کی درخواست کی تھی۔ جنہیں عدالت کی جانب سے مسترد کردیا گیا ۔
عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ ملزم کے خلاف اشتہاری کی کارروائی تب ہی منسوخ ہوتی ہے، جب ملزم ذاتی طور پر عدالت پیش ہو، شہبازگِل 4 ہفتوں کا بتا کر ملک سے روانہ ہوئےتھے ، شہبازگِل نے چالاکیوں سے کام لینا شروع کردیاہے ، انہیں ملک سے بھگا دیاگیاہے۔
وکیل صفائی نے دوران سماعت عدالت سے کہا کہ شہبازگِل بیماری کی وجہ سے باہر گئے ہیں، بھاگے نہیں۔
بعد ازاں عدالت نے 31 جولائی کو شہبازگِل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی ۔