اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے باجوڑ میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور خیبرپختونخوا حکومت سے رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، قائدین اور کارکنوں سے اظہار تعزیت کیا اور خار کے امیر مولانا ضیاءاللہ جان سمیت دیگر عہدیداروں، کارکنوں کی شہادت پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بغض نواز میں حویلی بہادر شاہ منصوبہ بند کر کے اربوں کا نقصان کیا گیا: وزیراعظم
وزیراعظم نے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین سمیع اللہ سمیت دھماکے میں زخمی ہونے دیگر افراد سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کیلئے صبرجمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں نے اسلام، قرآن اور پاکستان کی بات کرنے والوں کو نشانہ بنایا، دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، پاکستان کے دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔