لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کروانے کے حوالے سے مختلف بیانات آ رہے ہیں ایسی صورتحال میں سب کو ایک ساتھ مل بیٹھنا چاہیے۔
اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کیلئے عوام کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنے چاہئیں، ووٹ کو نوٹ کی طاقت سے بچانے کیلئے سختی سے اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ عوام کی طاقت ہی اصل حکمرانی ہو، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک ایسے الیکشن منعقد کروائے جانے چاہئیں جو تمام سیاسی جماعتوں کو قابل قبول ہوں۔
انہوں نے کہا پاکستان کو اس وقت ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جو عوامی مشکلات کو حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاکر عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالے، ایک ایسا نظام جس میں عوامی سطح پر عوام کی مشکلات اور روز مرہ کی بڑھتی ہوئی مہنگائی کو فی الفور کنٹرول کیا جا سکے اور اس سارے معاملات کو ترتیب دینے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ مل کر فیصلے کرنے ہوں گے۔