پرویزالہٰی تحریک انصاف چھوڑنے پر راضی، مونس تیار نہیں : چودھری شافع

Published On 12 July,2023 11:03 am

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ چودھری پرویزالہٰی تحریک انصاف چھوڑکرق لیگ میں واپس آنے پرراضی ہیں ، مگرمونس الہٰی تیار نہیں ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شافع نے کہا کہ چودھری شجاعت پرویزالہٰی سے جیل میں تین ملاقاتیں کر چکے ہیں، تیسری ملاقات میں کافی چیزیں تبدیل ہو گئیں، چودھری پرویزالہٰی تحریک انصاف چھوڑنے پرراضی ہیں مگرمونس الہٰی تیار نہیں ہیں۔

اس سے قبل لاہور میں چودھری سرور اور چودھری شافع نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا وقت قریب آ رہا ہے، پنجاب میں اپنے امیدواروں سے رابطے اور ملاقاتیں جاری ہیں، ہمارے امیدوارعوامی مقبولیت کے ساتھ ایماندار اور صاف لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا زراعت کی بحالی کا پروگرام انتہائی شاندار ہے، رہائشی کالونیاں زرعی زمین کی بجائے بنجر زمین پر بننی چاہئیں، زراعت کے حوالے سے ہماری جماعت کا بھی واضح موقف ہے۔

انہوں نے کہا کہ گندم اور دیگر فصلوں کے بیجوں پر تحقیقات کا کام پنجاب میں رکا ہوا ہے، بھارت اس معاملے میں ہم سے کہیں زیادہ آگے ہے۔

چودھری شافع حسین نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ایک قسط ابھی ملنے جا رہی ہے، آئی ایم ایف پاکستان کے مسائل کا حل نہیں تاہم حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی ہو گی۔