لاہور: (دنیا نیوز) چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ق چودھری سرور نے کہا ہے کہ کوئی بھی آرگنائزیشن، پولیٹیکل پارٹی یا ملک ہو، کوئی ایک شخص آگے لے کر نہیں چل سکتا ہے۔
چودھری سرور نے کہا کہ میرا ملکی سیاست میں آنے کا ایک خواب تھا کہ ایک ایسی سیاسی جماعت بنائی جائے جس میں میرٹ ہو، ایسی جماعت نہ ہو جس میں عہدے سفارش پر بانٹے جاتے ہوں، مینارٹی کمیونٹیز کی پارٹی کے اندر ایگزیکٹو لیول پر شرکت یقینی بنائی جائے گی۔
چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ق نے کہا کہ ہماری پارٹی، کسانوں، مزدوروں، ٹرید یونین، یوتھ، خواتین اور مینارٹی پر مشتمل ہو گی، ہماری پارٹی ان سب کے حقوق کے لئے بھرپور جدو جہد کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آئین کو کاغذ کا ٹکڑا سمجھنے والے آج اسی کے پیچھے چھپ رہے ہیں، بلاول بھٹو
چودھری سرور نے کہا کہ کامران عثمانی کو میرٹ پر یوتھ کی صدارت دی گئی ہے، مجھے یقین ہے یوتھ ونگ ہماری پارٹی کو آگے لے کر چلنے میں اہم کردار ادا کریں گے، چند حلقے یہ سمجھتے ہیں کہ الیکٹیبلز کی شمولیت بڑی بات ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند حلقوں کا خیال ہے کہ آزمائے ہوئے سیاست دان ہی ملک کو آگے لے کر چلیں گے یا ڈبوئیں گے، ہم کوشش کر رہے ہیں ہماری پارٹی ورکرز کو آگے لے کر آئے، ہماری پارٹی مڈل کلاس کو آگے لے کر آئے گی، میں برطانیہ میں ممبر آف پارلیمنٹ عیسائی برادری کی بدولت بنا تھا۔