لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ق) کی مرکزی قیادت نے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کیلئے پارٹی کو چاروں صوبوں میں متحرک اور جلد بلوچستان، سندھ کے تنظیمی دورے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ق) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں چیف آرگنائزر چودھری محمد سرور، سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ، سینئر نائب صدر چودھری سالک حسین اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، مختلف شخصیات اور سیاسی جماعتوں سے رابطوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
شرکاء نے ملک میں سیاسی ہم آہنگی کیلئے چودھری شجاعت حسین کے ویژن کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا جبکہ آئندہ انتخابات میں مختلف سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور دیگر معاملات پر بھی غور کیا گیا۔