لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں میں دائر حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
9 مئی کو جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست کی، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان کی اپیل آج دائر کر رہے ہیں۔
وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اُمید ہے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا ایک ہفتے تک معطل ہو جائے گی اور وہ جلد اپنی آزادی کو انجوائے کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی باقاعدگی کے ساتھ عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں۔
فاضل جج نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ آپ اپیل کے سماعت کیلئے مقرر ہونے اور سزا معطل ہونے پر اتنا پُرامید کیوں ہیں؟۔
وکیل برہان معظم ایڈووکیٹ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی آپ کی عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، حالات و واقعات ایسے ہیں وہ پیش نہیں ہوسکتے، آپ درخواست گزار کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔
فاضل جج نے استفسار کیا کہ اس پر سرکار کیا کہتی ہے؟، جس پر سپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ نے کہا کہ اس پر قانون بڑا کلیئر ہے، آپ ان کی ضمانتیں مسترد کریں۔