آئین کی پوری پاسداری کی، الیکشن کرانے والوں کو بھی کرنا ہوگی، وزیر اعظم

Published On 10 August,2023 09:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم بارے قائد نواز شریف اور اتحادیوں سے مشاورت کروں گا، مجھے اُمید ہے 3 دن تک کسی نام پر راضی ہو جائیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کل رات صدر پاکستان نے میری ایڈوائس پر دستخط کر دیئے تھے، ہم تین دن سے پہلے نام طے کر لیں گے، آج ہماری مشاورت ہوئی کل دوبارہ ملاقات ہو گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری کی منظوری ہو گئی ہے، اب الیکشن کرانے کا معاملہ چیف الیکشن کمشنر کے پاس ہے، نئی مردم شماری کے تحت الیکشن ہوں گے یا پرانی، اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، ہمارے اوپر اب کوئی بوجھ نہیں ہے، الیکشن کمیشن کو جواب دینا چاہیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے آئین کی پوری پاسداری کی، جن اداروں نے الیکشن کرانا ہے انہیں بھی آئین کی پاسداری کرنا ہو گی، میری رائے میں جلد الیکشن ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی حکومت میں اچھے افسران کو بے جا تنقید کا نشانہ بنایا گیا: وزیر اعظم

شہباز شریف نے کہا کہ 16 ماہ کی مختصر ترین وفاقی حکومت تھی، کل وفاقی کابینہ ختم ہو چکی ہے، الیکشن میں ہر پارٹی کا اپنا اپنا منشور ہو گا، میرے لیے 13 جماعتی اتحاد چلانا آسان کام نہیں تھا، 16 ماہ میرے کیریئر کے مشکل ترین مہینے تھے، ہم کس حد تک کامیاب ہوئے فیصلہ عوام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے بلوں کو معاف کر کے انہیں سبسڈیز دیں، آئی ایم ایف معاہدے کو بحال کرنا جان جوکھوں کا کام تھا، ڈیفالٹ اور ایک حوالے سے مارشل لا سے بھی بچے، گزشتہ حکومت کی بدترین خارجہ پالیسی کی وجہ سے دوست ملک دور ہو چکے تھے، سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کی مدد کی۔