کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ کوشش ہو گی قانون میں رہتے ہوئے صاف و شفاف الیکشن ہوں، کراچی اور سندھ کے مسائل حل کرنے کی خصوصی کاوش ہو گی، محدود وقت اور وسائل میں ریلیف پہنچانے کی کوشش کریں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ عہد کیا ہے کہ کرپشن ترک ہو اور لوگوں کو تنگ نہ کیا جائے، کوشش ہوگی کہ بغیر رشوت دیئے لوگوں کے کام ہو سکیں، میڈیا غیرقانونی کاموں کی نشاندہی کرے روک تھام کریں گے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ کوشش ہو گی شفاف الیکشن کرائیں تاکہ کسی کوشکایت کا موقع نہ ملے، کوئی ایسے دعوے نہیں کرنا چاہتا جنہیں پورا نہ کرسکوں، قلیل مدت میں محدود وسائل اور اختیارات ہوں گے، بہتری کی کوشش ہو گی، فوکس عوام کے ریلیف پر رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سےاداروں کا استحصال کیا گیا، خاص مقاصد کیلئےاستعمال کیا گیا، اگر اداروں کا فوکس درست کیا جائے تو کیا حاصل نہیں کیا جا سکتا؟ جائیدادوں پر قبضے ہو رہے ہیں، عدالتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ قانون کے مطابق کام نہ کیا تو حکومت کا مقصد فوت ہو جائے گا، طویل کابینہ نہیں ہونی چاہیے، لائق، قابل اور دیانتدار لوگ ہونے چاہئیں۔
جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا تھا کہ دیانتدار لوگوں کا ملنا مشکل ہوتا ہے لیکن معاشرے میں ایسے لوگ بھی ہیں، کابینہ اراکین غیرجانبدار ہونے چاہئیں، سیاسی پس منظر بھی ہو تو حرج نہیں۔