اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی سے جرمنی کے سفیر نے ملاقات کی، ملاقات میں شعبہ صحت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ڈی جی ہیلتھ اور پمز کی ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ برائے ریڈیالوجی بھی موجود تھیں، ملاقات کے دوران صحت کے شعبے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
وفاقی سیکرٹری صحت اور جرمن سفیر کے درمیان ملاقات کے دوران پمز ہسپتال کی ایم آر آئی مشین کی انسٹالیشن کا بھی جائزہ لیا گیا، دونوں رہنماؤں نے یقین دہانی کرائی ایم آر آئی مشین جرمنی کی سمنز کمپنی 6 ستمبر کو فنکشنل کر دے گی۔
افتخار علی شلوانی نے کہا جرمنی کے سفیر کا خصوصی طور مشکور ہوں، پمز ہسپتال وفاقی دارالحکومت کا سب سے بڑا ہسپتال ہے، جہاں پر روزانہ 12 سے 15 ہزار مریض علاج کیلئے آتے ہیں۔
افتخار شلوانی نے بتایا کہ پمز ہسپتال کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، پمز ہسپتال کی مشین کافی عرصہ سے خراب تھی، ہیلتھ سیکرٹری کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی اس اہم معاملہ کا نوٹس لیا تھا۔
افتخار شلوانی نے کہا پمز ہسپتال کی انتظامیہ کو اگست تک ڈیڈ لائن دی تھی، وزارت صحت کے شعبے اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔